سوربھ بھردواج اور آتشی کی بحیثیت وزیر حلف برداری

   

نئی دہلی :جمعرات کے روز دہلی کے رکن اسمبلی سوربھ بھاردواج اور آتشی نے وزارتی عہدہ کا حلف لے لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر ہاؤس میں اس موقع پر وزیر اعلیٰ کیجریوال سمیت دہلی حکومت کے دیگر وزراء بھی موجود رہے۔ آتشی کو تعلیم، پی ڈبلیو ڈی، بجلی اور سیاحت کا محکمہ ملا ہے، جبکہ سوربھ بھاردواج کو صحت، شہری ترقی، واٹر اینڈ انڈسٹری محکمہ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔واضح رہے کہ دہلی آبکاری پالیسی اسکام میں گرفتار ہونے کے بعد منیش سسودیا نے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ دیگر وزارتی عہد وںسے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے ساتھ ستیندر جین نے بھی وزیر صحت کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ دونوں کا استعفیٰ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے منظور بھی کر لیا تھا۔ اس کے بعد اسے صدر جمہوریہ کے پاس منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا جہاں سسودیا اور جین کا استعفیٰ پر آخری مہر بھی گزشتہ دنوں لگا دی گئی تھی۔اقابل ذکر ہے کہ سوربھ بھاردواج دہلی کی گریٹر کیلاش اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ لگاتار تیسری مرتبہ رکن اسمبلی بنے ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2013 میں پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ سوربھ عآپ کے قومی ترجمان بھی ہیں۔دوسری طرف آتشی 2020 کے اسمبلی انتخاب میں کالکاجی اسمبلی حلقہ سے انتخاب جیت کر عآپ کی رکن اسمبلی بنیں۔ اس سے قبل 2019 میں آتشی نے مشرقی دہلی سے بی جے پی کے گوتم گمبھیر کے خلاف لوک سبھا انتخاب بھی لڑا تھا لیکن انھیں جیت نہیں مل پائی تھی۔ حکومت کی ایجوکیشن پالیسی تیار کرنے میں آتشی کا اہم کردار رہا ہے۔