امام پیٹ آئیسولیشن سنٹر پر 300مریضوں کی گنجائش۔ ضلع کلکٹر سوریا پیٹ
سوریا پیٹ۔/26 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر سوریا پیٹ ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ ضلعی عوام کو کورونا وائرس کے انفیکشن کی روک تھام کیلئے کسی بھی قسم کے اقدامات اٹھانے کے لئے حکومت تیار ہے۔ سوریا پیٹ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں منعقدہ اجلاس میں ضلع کلکٹر سوریا پیٹ ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم اور ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے احکامات کے مطابق ضلع میں کورونا وائرس کے انسداد کیلئے سخت اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں ۔ ضلع کلکٹر سوریا پیٹ نے کہا کہ بیرونی ممالک سے آئے ہوئے 146 افراد کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ دوبار سرویلنس ٹیم نے ہر گاؤں کا جائزہ لیا اور یکم مارچ کے بعد بیرون ملک سے آئے ہوئے افراد کے پاسپورٹس حاصل کئے گئے ہیں اور کہا کہ 14 دنوں کے وقفہ کے بعد ان کے حوالے کردیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں مزید دو آئیسولیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امام پیٹ ماڈل اسکول اوربالیملا کے قریب اقلیتی اقامتی کالج میں ائیسولیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اما م پیٹ آئیسولیشن مرکز پر 300 بیڈس کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور دوکاندار کا لائسنس ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ سوریا پیٹ اور کوداڑ میونسپلٹی کے اطراف و اکناف عوام کے لئے مارکٹ کی سہولیات کے نتظامات پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عوام کو حکومتی ہدایت پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ ماسک، سینٹیزر اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ بالخصوص نگرانی کے لئے خصوصی عہدیداران خدمت انجام دے رہے ہیں۔ قواعد کی خلاف ورزی پر اعلیٰ عہدیدار کے علم میں لاکر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا۔ کاشتکاروں کو اناج کی خریداری کیلئے زرعی مارکٹ کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی۔