سوشل میڈیا پر غیرضروری مصروفیت افسوسناک

   

تعلیمی میدان میں محنت کرنے نوجوانوں کو مولانا عبداللہ اظہر کا مشورہ
تانڈور۔13 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تانڈور کے گورنمنٹ میناریٹی کالج میں منعقدہ ’’قومی یوم تعلیم ‘‘ تقریب میں بحیثیتِ مہمان خصوصی مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ العلماء ضلع وقارآباد نے شرکت کی۔مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں مولانا ابوالکلام آزاد کا نام اُن کی علم دوستی اور تعلیمی میدان میں ناقابل فراموش خدمات کی وجہ سے نہایت عزت واحترام کے ساتھ لیا جاتا ہے اور انہی کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے ہر سال 11 نومبر کو ’’قومی یوم تعلیم ‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کے اندر سے تعلیمی میدان میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینے کا جذبہ مفقود ہوتا جارہا ہے اور ہماری تمام تر صلاحیتیں سوشیل میڈیا اور دیگر غیر ضروری مشاغل میں صرف ہورہی ہیں جو کہ بہت افسوس کی بات ہے ۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان تعلیمی میدان میں سخت جدوجہد اور مسلسل محنت اور اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو روشن اور تابناک بنائیں اور ملک و ملت کا نام پوری دنیا میں روشن کریں۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ دور میں علم حاصل کئے بغیر اور اپنے اندر زمانے سے ہم آہنگ صلاحیتوں کو پیدا کئے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے لہذا ہمیں تعلیم حاصل کرنے اور اپنے آپ کو قوم کے لئے قیمتی اثاثہ بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔اس پروگرام میں میناریٹی کالج پرنسپل ، اساتذہ،طلباء کے علاوہ دیگر معززین شہر بھی موجود تھے۔
ملک میں آئی آئی ٹی ادارے مولانا آزاد کی کاوشوں کا نتیجہ : پرنسپل
مدہول ۔13 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جشن قومی یوم تعلیم گورنمنٹ جونیر کالج مدہول میں بڑے جوش وخرش سے منایا گیا ۔ طالبات نے تقاریر و اشعار سے محفل کو سجایا ۔ مسٹر پی سنیل کمار پرنسپال گورنمنٹ جونیر کالج مدہول نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا ابولکلام آزاد ملک کے پہلے وزیر تعلیم تھے ۔ انہوں نے ملک میں تعلیمی میدان میں ٹیکنالوجی کو فروغ دیا ۔ آج ملک میں آئی آئی ٹی جیسے ادارے مولانا کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ جناب محمد شمس لدین لکچرار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا میں بہت سی شخصیات آئی ہے لیکن مولانا کی شخصیت ملک اور ملت کے لئے کافی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے اشعار کے ذریعہ محفل میں جان ڈال دی ۔ تجمل احمد نے پرنسپال کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پروگرام کو کامیاب کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ عبدالوحید ، اظہر الدین ، عبدالرحمن ، گنگا دھر ، پرشانت ، پدما سروپا عائشہ بیگم ، حنا کوثر اور فرحین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ نظامت کے فرائض جناب محمد شمس الدین نے انجام دیا طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔