نئی دہلی : سوشلسٹ پارٹی آف انڈیا نے وزیر داخلہ امت شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اخلاقی بنیادوں پر اپنا استعفیٰ پیش کریں کیونکہ وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں معصوم سیاحوں کی جانوں کی حفاظت کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے نائب صدر سید تحسین احمد نے دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بلائے گئے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں 26 معصوم سیاحوں کی جان لینے والے بدترین قسم کے جانور ہیں اور انسانیت کے خلاف اس گھناؤنے جرم کی مذمت کرنے کے لیے ہمارے پاس کوئی الفاظ نہیں ہے ۔ سید تحسین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں ساٹھ سے زائد عہدیداران اور پارٹی کارکنوں نے شرکت کی اور ہلاک سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ تحسین نے دہشت گردی کے واقعہ کے بعد کشمیریوں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پورے کشمیر نے مکمل بند منایا اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے دہشت گردی کے حملے کی مذمت اور متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پورے کشمیر میں نکالے گئے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کشمیر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ایک کشمیری کسی سیاح کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔