سوشیل میڈیا میں مخالف مہم کے خلاف ڈی جی پی، کمشنر حیڈرا اور سائبر کرائم سے نمائندگی

   

صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم کا ردعمل، فرضی ویلفیر اسوسی ایشن کے نام پر بے بنیاد الزامات
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ امین پور کی اراضی سے متعلق سوشیل میڈیا میں گمراہ کن خبروں کے وائرل ہونے کے خلاف تلنگانہ فوڈس کے صدرنشین ایم اے فہیم نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر، کمشنر حیڈرا، ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائم اور اسسٹنٹ کمشنر پولیس سائبر کرائم سے ملاقات کرتے ہوئے اس معاملہ کی جانچ اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔ سوشیل میڈیا میں ایم اے فہیم کا نام لے کر امین پور ویلفیر اسوسی ایشن کے لیٹر پیڈ پر مکینوں کو ہراساں کرنے کی شکایت کی گئی ہے۔ سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس سے یہ مکتوب وائرل کیا گیا جس پر صدرنشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم نے سائبر کرائم پولیس سے نمائندگی کی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر، کمشنر حیڈرا رنگاناتھ اور ڈپٹی کمشنر پولیس کویتا نے اس معاملہ کی جانچ کرنے کا تیقن دیا۔ ایم اے فہیم نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے تحت کام کرنے والے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امین پور ویلفیر اسوسی ایشن نامی کسی تنظیم کا کوئی وجود نہیں ہے اور فرضی تنظیم کا لیٹر پیڈ تیار کرتے ہوئے ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی ایماء پر سوشیل میڈیا میں یہ مہم شروع کی گئی تاکہ کانگریس پارٹی کو بدنام کیا جائے۔ ایم اے فہیم نے کہا کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت کی جانب سے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اپوزیشن کو ہضم نہیں ہورہی ہے اور کانگریس قائدین کے خلاف وقفہ وقفہ سے جھوٹا پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ ایم اے فہیم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن سوشیل میڈیا اداروں نے الزام تراشی کو ہوا دی ہے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حیڈرا کا نام لے کر مکینوں کو ہراساں کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ اس معاملہ میں بعض عہدیداروں اور کانگریس قائدین کو گھسیٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔1