حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) سوشیل میڈیا سے چیف منسٹر تلنگانہ کے خلاف زہر اُگلنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ رچہ کنڈہ پولیس سائبر کرائم ٹیم نے ایک کانسٹبل کی شکایت پر 24 سالہ چنم بالا چندر اکن اپل کو گرفتار کرلیا جس نے فیس بک پر چیف منسٹر کے خلاف ناقابل بیان اور قابل اعتراض ریمارکس کئے تھے۔ اس نے چیف منسٹر کے علاوہ دیگر قائدین کے خلاف بھی ریمارکس کئے ۔ کانسٹبل رمیش کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کے دوران چنم بالا چندر کو گرفتار کرلیا ۔ فیس بک پر ’اسپرٹ آف تلنگانہ ‘ کے نام سے موجودہ اکاونٹ پر یہ ریمارکس کئے جس سے چیف منسٹر کی ساکھ متاثر ہوگی ۔ 10 جون کو اس مواد کو دیکھنے کے بعد کانسٹبل نے سائبر کرائم میں شکایت کی ۔فیس بک پیج ’’ اسپریٹ آف تلنگانہ ‘‘ پر اس پوسٹ کو دیکھنے کے بعد کانسٹبل نے شکایت میں کہا کہ اس نے چیف منسٹر کے کردار کو راست نشانہ بناتے ہوئے پوسٹ کیا گیا۔ پولیس سائبر کرائم نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے فون کو ضبط کرلیا۔