تقریباً 96 ہزار نقد اور 6 موبائل فونس ضبط ، ضلع ایس پی کی پریس کانفرنس
کاماریڈی۔ 3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سوشیل میڈیا پلیٹ فارمز کا سہارا لیتے ہوئے معصوم شہریوں کو دھوکہ دے کر لاکھوں روپئے ہتھیانے والی ایک منظم ٹولی کو کاماریڈی پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف درج کردہ نو مقدمات کی یکے بعد دیگرے یکسوئی کرلی ہے۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضے سے تقریباً 96 ہزار روپئے نقد رقم اور چھ موبائل فون ضبط کرلیے ضلع ایس پی کاماریڈی مسٹر راجیش چندرا نے بتایا کہ 25؍ جولائی کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ چند افراد سوشیل میڈیا کے ذریعہ نوجوانوں سے رابطہ قائم کرکے انہیں میگا کار شیڈ، کاماریڈی پر بلاکر ان کی تصاویر حاصل کرتے، پھر ان تصاویر کو قابل اعتراض انداز میں ایڈیٹ کر کے سوشیل میڈیا یا رشتہ داروں میں وائرل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے فون پے کے ذریعہ رقم بٹور رہے تھے۔تحقیقات کے دوران مزید آٹھ متاثرین نے شکایات درج کروائیں، جس کے نتیجہ میں نو مقدمات درج کیے گئے، جن میں کاماریڈی ٹاؤن میں 6، تنگل پلی میں 2 اور نظام آباد I ٹاؤن میں ایک مقدمہ شامل ہے۔ پولیس نے سی ڈی آر تجزیہ، فون نمبرز کی چھان بین اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مجرمین کا پتہ لگایا۔ 2 ؍اگست کو ریلوے اسٹیشن پر پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جنہوں نے دوران تفتیش اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔گرفتار شدگان کی شناخت شیخ شعیب، شیخ سہیل، محمد میراج پاشا ہ، سید مظفر علی اور ایک نابالغ کے طور پر کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ افراد ماضی میں بھی سدی پیٹ، عادل آباد، نظام آباد، کاماریڈی اور سریسلہ اضلاع میں اسی نوعیت کے جرائم میں ملوث رہے ہیں، جن میں بعض سنگین مقدمات مثلاً اغوا، قتل، چوری، اسلحہ قانون کی خلاف ورزی اور دیگر دفعات شامل ہیں۔پولیس نے واضح کیا کہ اس ٹولی کی گرفتاری سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ ہونے والے کئی جرائم کی یکسوئی ممکن ہوئی ہے اور عوام کو اگاہ کیا کہ کسی بھی مشتبہ حرکت یا واقعہ کی فوری اطلاع ’ڈائل 100‘ پر دیں۔ پولیس نے اس بات کا یقین دلایا کہ شکایت کنندگان کی شناخت کو راز میں رکھا جائے گا۔اس کارروائی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے انسپکٹر نرہری، سی سی ایس انسپکٹر سرینواس، ایس آئی محمد عثمان، نریش، ونئے ساگر، شری رام، بال ریڈی، راجارام، اور دیگر عملے کو ضلع ایس پی نے تہنیت پیش کی۔