سومیش کمار نے چیف منسٹر کے مشیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا

   

آئی اے ایس عہدیداروں میں بے چینی
حیدرآباد۔12۔مئی (سیاست نیوز) سابق چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے مشیر اعلیٰ کے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ سکریٹریٹ کی چھٹویں منزل پر سومیش کمار کیلئے چیمبر الاٹ کیا گیا اور اسی فلور پر چیف منسٹر کا آفس ہے۔ خصوصی پوجا کے بعد سومیش کمار نے اپنی نئی ذمہ داری سنبھالی۔ سکریٹریٹ کے کئی عہدیداروں اور ملازمین نے سومیش کمار کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان پر اعتماد کرتے ہوئے ریاست کی خدمت کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ سومیش کمار کو کابینی رتبہ کے ساتھ 3 سال کی مدت کیلئے چیف منسٹر کا مشیر اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ واضح رہے کہ سومیش کمار کو ریاست کی تقسیم کے بعد آندھراپردیش الاٹ کیا گیا تھا لیکن وہ تلنگانہ میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ مرکزی حکومت کی درخواست پر تلنگانہ ہائیکورٹ نے سومیش کمار کو آندھراپردیش رجوع ہونے کی ہدایت دی۔ فروری 2023 ء میں وہ آندھراپردیش حکومت سے رجوع ہوئے لیکن انہیں کوئی ذمہ داری نہیں دی گئی جس کے بعد سومیش کمار نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی اور چیف منسٹر کے سی آر کے ساتھ دکھائی دینے لگے۔ سومیش کمار کو راجیہ سبھا یا کونسل کی رکنیت کی پیش قیاسی کی جارہی تھی لیکن چیف منسٹر نے انہیں اپنا مشیر اعلیٰ مقرر کیا۔ چیف سکریٹری کے عہدہ پر خدمات انجام دینے کے دوران سومیش کمار پر بہار سے تعلق رکھنے والے آئی ا ے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کی حوصلہ افزائی اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو غیر اہم پوسٹنگ دینے کا الزام ہے۔ مشیر اعلیٰ مقرر کئے جانے پر آئی اے ایس عہدیداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ مشیر اعلیٰ کی حیثیت سے سومیش کمار چیف سکریٹری کی طرح تمام اہم فائلوں کی یکسوئی میں اہم رول ادا کریں گے۔ر