موگا: معروف بالی ووڈ ایکٹر سونو سود کی بہن مالویکا سودسچر نے آج پنجاب کے چیف منسٹر چرنجیت سنگھ چنی اور صدر پردیش کانگریس نوجوت سدھو کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ 38 سالہ مالویکا کا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سماجی خدمت کرنے والے خاندان کے رُکن کی کانگریس میں شمولیت ہمارے لئے خوشی کی بات ہے۔ جہاں تک حلقہ اسمبلی موگا کے ایم ایل اے ہرجوت کمل کی ناراضگی کا تعلق ہے تو وہ میرے ساتھی رہے ہیں اور ہم انہیں ساتھ لے کر چلیں گے۔ سدھو نے کہا کہ سماج کی بے لوث خدمت کرنے والے خاندان کے رکن کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کے روشن مستقبل کی تمنا کرتے ہیں۔ یہ ایسے خاندان سے ہیں جس نے ملک میں بے لوث خدمت اور انسانیت کی مثال قائم کی۔ ایسے خاندان کی بیٹی کانگریس کا حصہ بن رہی ہے ۔
