کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پٹرول ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمت میں بے حد اضافے کی سخت تنقید کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ مودی حکومت کو عوام کی فکر نہیں ہے اور اسی لئے کسان اس کی پالیسیوں سے پریشان ہوکر تحریک کررہے ہیں۔محترمہ گاندھی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں عوام کو راحت دینے کےلئے پٹرول اور ڈیزل کی اضافی شرحوں کو واپس لینے اور شدید ٹھنڈ میں دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے لاکھوں کسانوں کی تحریک ختم کرنے کےلئے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک آج دوراہے پر کھڑا ہے۔ ایک طرف ان داتا 44 دنوں سے دہلی کی سرحدوں پر اپنے جائز مطالبات کی حمایت میں کھڑے ہیں تو دوسری طرف بے لگام ، بے حس اور بے رحم بی جے پی حکومت غریب کسان اور درمیانے طبقے کی کمر توڑنے میں لگی ہے اور کورونا سے تباہ معیشت کے درمیان مرکزی حکومت خزانہ بھرنے میں لگی ہے۔