سونیا گاندھی کی سالگرہ تلنگانہ کیلئے تہوار کا دن، چیف منسٹر ریونت ریڈی

   

Ferty9 Clinic

تحفہ کے طور پر خواتین کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت، 2 وعدوں پر عمل آوری

حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کیلئے آج کا دن تہوار سے کم نہیں ہے۔ سونیا گاندھی میں ہمیں تلنگانہ کی ماں نظر آرہی ہے۔ سونیا گاندھی کی 78 ویں سالگرہ کے موقع پر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا۔ 78 کلو وزنی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بلوبٹی وکرامارک کے علاوہ دوسرے وزراء، قائدین کے ساتھ پارٹی اور کارکنوں کی بھاری تعداد موجود تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر ہی 9 ڈسمبر 2009ء کو تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا آغاز کیا گیا تھا اور وعدے کے مطابق 2014ء میں علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیی گئی ہے۔ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر خواتین کو تحفہ کے طور پر آج سے ریاست بھر میں آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ خواتین کو بسوں میں سفر کرنے کیلئے ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ساتھ ہی راجیو آروگیہ شری اسکیم میں طبی امداد کی رقم کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے بھی آج سے کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام کو 6 ضمانتوں کا اعلان کرتے ہوئے حکومت تشکیل دینے کے بعد اندرون 100 یوم ان وعدوں پر عمل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے صرف دو دن میں ہی 2 ضمانتوں پر عمل کرتے ہوئے 6 کے منجملہ 2 وعدوں پر آج سے عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ انتخابات میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکاارجن کھرگے کے علاوہ پارٹی کے دوسرے سینئر قائدین نے طوفانی انتخابی مہم چلائی۔ کانگریس کے کارکنوں نے سپاہیوں کی طرح کام کیا ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا ہے اور ہم چیف مسٹر اور وزراء کے عہدوں پر فائز ہوئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کئی سیاسی رکاوٹوں کے باوجود سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ۔ انہوں نے کہا کہ 7 ڈسمبر کو سونیا گاندھی ایل بی اسٹیڈیم میں جس طرح داخل ہوئی وہ منظر میں زندگی میں کبھی بھول نہیں پاؤنگا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ 9 ڈسمبر 2017ء کو گاندھی بھون میں قدم رکھا تھا۔ 9 ڈسمبر 2023ء تک تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگئی ہے۔ وہ حکمران نہیں بلکہ خدمت گذار بن کر عوام کی خدمات انجام دیں گے۔ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے، اس پر عمل کریں گے اور ساتھ ہی پارٹی منشور کے ذریعہ جو بھی وعدے کئے گئے ہیں اس کو بھی پورا کریں گے۔ن