نئی دہلی: 31 ۔ جنوری ( ایجنسیز ) مہنگائی کے دور میں جہاں گزشتہ چند دنوں سے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی ہے، چاندی کی قیمت ایک ہی دن میں1 لاکھ روپے سے زیادہ کم ہو گئی جب کہ سونے کی قیمت میں بھی ایک ہی دن میں 33,000 فی 10 گرام سے زیادہ گراوٹ آئی ہے۔ان قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں نہ صرف فیوچر ٹریڈنگ بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی تیزی سے گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ایک کلو چاندی کی قیمت میں صرف ایک دن میں ایک لاکھ روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ جمعرات کو ملٹی کموڈٹی ایکسچینج میں نئی بلندی تک پہنچنے کے بعد یہ آخر کار 3,99,893 روپئے فی کلوگرام پر بند ہوئی تھی۔ جمعہ کو فیوچر ٹریڈنگ کے اختتام پر5 مارچ کی ایکسپائری ڈیٹ کے ساتھ چاندی کی قیمت تیزی سے گر کر 2,91,922 روپئے پر آگئی۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ہی جھٹکے میں یہ 1,07,971 فی کلو سستی ہوگئی ہے۔ 10 گرام 24 کیرٹ سونے کی قیمت صرف ایک کاروباری دن میں 33,113 روپئے تک گر گئی ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ کے ساتھ ساتھ سونے کی قیمت میں بھی بڑی گراوٹ سے سرمایہ کار حیران وپریشان ہوگئے ہیں۔