حیدرآباد 14 مارچ ( سیاست نیوز) سونے کی قیمتیں جو حال میں بین الاقوامی اور مقامی سطح پر کچھ کم ہوئی تھیں ۔ جمعرات کو اچانک ان میں بھاری اضافہ ہوگیا ۔ حیدرآباد بلین مارکٹ میں 10 گرام 24 کیرٹ سونے کی قیمت پہلی مرتبہ 90 ہزار روپئے سے تجاوز کر گئی ہے ۔ ایک کلو چاندی کی قیمت 1.03 لاکھ ہوگئی ۔ بین الاقوامی سطح پر خاص طور پر امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے مختلف ممالک کی مصنوعات پر ٹیکس ، مزید کئی ممالک کی مصنوعات پر ٹیکس میں اضافہ کا انتباہ دینے کے تناظر میں تجارتی دباؤ بڑھ رہا ہے اور بین الاقوامی اقتصادی غیر یقینی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ امریکہ میں معاشی سست روی کے خدشات کے درمیان محفوظ سمجھے جانے والے سونے میں سرمایہ کاری نے قیمتوں میں تیزی سے اضافہ کردیا ہے ۔ بین الاقوامی مارکٹ میں ایک اونس ( 31.10 گرام ) سونے کی قیمت 2983 ڈالر تک پہونچ گئی ۔ مقامی بلین مارکٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 90,450 روپئے تک پہونچ گئی ۔ فی کلو چاندی کی قیمت 1,03,000 روپئے ہوگئی ہے ۔ 2