سونے کی قیمت میں آل ٹائم ریکارڈ اضافہ

   

10 گرام سونے کی قیمت 80 ہزار سے تجاوز ، چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ بلین مارکیٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دس گرام سونے کی قیمت 80 ہزار روپئے سے تجاوز کر گئی ہے ۔ 23 اکٹوبر 2024 کو سونے کی قیمت نے اب تک کا آل ٹائم ریکارڈ قائم کردیا ہے ۔ goodreturns.in کے مطابق 24 کیرٹ سونے کی قیمت 80,220 روپئے تک پہونچ گئی ہے ۔ 22 کیرٹ سونے 10 گرام کی قیمت 73 ہزار 550 روپئے ہوگئی ہے ۔ امریکی صدارتی انتخابات ، اسرائیل ، فلسطین ، لبنان جنگ ایران سے کشیدگی ، عالمی حالات اور ملک میں شادیوں کے سیزن کی وجہ سے سونے کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے ۔ نہ صرف سونا بلکہ چاندی کی قیمت بھی ریکارڈ بلندی کی سطح پر پہونچ گئی ہے ۔ چہارشنبہ کو چاندی کی قیمت 1,04,000 روپئے فی کلو گرام تک پہونچ گئی ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تہواروں کا موسم اور مشرقی وسطی میں جاری کشیدگی کی وجہ سے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیوں کہ ہر دو تین دن میں ایک مرتبہ سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔۔