سونے کی قیمتوں کا معاملہ راجیہ سبھا میںاُٹھا

   

نئی دہلی، 29 جنوری (یو این آئی) ملک میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ آج راجیہ سبھا میں اٹھایا گیا، ساتھ ہی حکومت سے مداخلت کرنے ، عوام کو راحت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔کانگریس کے نیرج ڈانگی نے جمعرات کے روز وقفہ صفرکے دوران ایوان میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور اسے بے لگام چھوڑ دینا حکومت کی پالیسی کی ناکامی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سونے اور چاندی کے زیورات دیہی معیشت کی بنیاد ہیں اور یہ معاملہ بچت اور خواتین کی عزت و وقار سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری مداخلت کرتے ہوئے ٹیکس، ڈیوٹی اور جی ایس ٹی میں کمی کرکے عوام کو راحت دینی چاہیے ۔سماجوادی پارٹی کے جاوید علی خان نے فوڈ سکیورٹی ایکٹ کے تحت مستحقین کی آمدنی کی حد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب یہ نظام نافذ ہوا، تو دیہی علاقوں میں آمدنی کی حد دو لاکھ روپے اور شہری علاقوں میں تین لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔