سونے کے زیورات پر قرآنی آیات تحریر کرنے پر پابندی

   

ریاض: سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن نے کہا ہے کہ سونے کے زیورات اور برتنوں پر قرآنی آیات تحریر نہ کی جائیں۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایوان ہائے صنعت و تجارت فیڈریشن نے مذکورہ پابندی سعودی عرب کے مفتی اعلی اور وزیر داخلہ کی جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں لگائی ہے۔ مفتی اعلی نے برتنوں، سونے کے زیورات اور آرائشی اشیا پر قرآن پاک کی آیات تحریر کرنے سے منع کرتے ہوئے توجہ دلائی ہے کہ بعض لوگ قرآنی آیات والے زیورات اور برتنوں کو تعویذ گنڈوں کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ مفتی اعلی کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کی آیات انسانوں کی ہدایت کیلئے نازل کی گئی ہیں۔ اس مقصد کے سوا کسی اور کام میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ کسی بھی صورت میں قرآنی آیات کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔