سونے کے سکے کی فروخت کے نام پر عوام کو دھوکہ

   

نقلی سکے ضبط ، دو رکنی ٹولی گرفتار ، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سونے کے سکے فروخت کر کے عوام کو دھوکہ دینے والی دو رکنی بین ریاستی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں نقلی سونے کے سکے اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بین ریاستی ٹولی کا تعلق اترپردیش کے ضلع قنوج سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 سالہ ارجن سنگھ اور اس کا ساتھی 34 سالہ محمد کلو ٹولی کی شکل میں مختلف افراد سے ربط پیدا کرتے ہوئے انہیں کھیتی کے دوران سونے کے سکے اور نادر مورتی حاصل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔ اسی طرح مذکورہ دھوکہ بازوں کی ٹولی نے عنبرپیٹ سے تعلق رکھنے والے سری رام داس سنجیوا چاری سے رابطہ قائم کیا اور اسے اترپردیش کے ضلع قنوج اکرم آباد طلب کیا اور ایک سونے کا سکہ اس کے حوالے کیا جو اصلی تھا ۔ سنجیوا چاری نے سونے کے سکے کی جانچ کے بعد یہ تصدیق کرلی کہ سونا اصلی ہے ۔ دھوکہ باز سنجیوا چاری کو اصلی سونے کے سکے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پیتل سے بنے ہوئے 380 سکے حوالے کئے اور اس کے عوض 13 لاکھ 35 ہزار روپئے ہڑپ کرلئے۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ ارجن سنگھ ہے جو سابق میں دھوکہ دہی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے۔ دھوکہ بازوں کی ٹولی کا یہ طریقہ کار ہے کہ وہ اپنے کھیتوں میں کھیتی کے دوران خزانہ ہاتھ لگنے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو بڑے ہی شاطرانہ انداز میں دھوکہ دیا کرتے تھے ۔ اس سلسلہ میں عنبرپیٹ پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور ٹاسک فورس پولیس نارتھ زون ٹیم نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ بازوں کی ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے نقلی سونے کے سکے اور مہاویر کی ایک مورتی جس کی مالیت 9 لاکھ ہے ، ضبط کرلی ۔