بلاوائیو ۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں سری لنکا نے اسکاٹ لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 82 رنز سے شکست دے دی۔ بلاوائیو میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے گروپ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم 245 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاتھم نسانکا نے 75 اور چریتھ اسلانکا نے 63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کرس گریوز نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اب تک ایونٹ میں سری لنکا کی ہی طرح ناقابلِ شکست رہنے والی اسکاٹ لینڈ کی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ 246 رنز کا پیچھا کرتے ہوئے اسکاٹش ٹیم 29 اوور میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اسکاٹ لینڈ کی طرف سے کرس گریوز 56 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ سری لنکا کے 10 اوورز میں41 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والے مہیش تھیکشنا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ علاوہ ازیں ونندو ہسارانگا نے 2 وکٹیں لیں جبکہ کاسن رجیتھا، لہیرو کمارا اور داسن شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔