خرطوم : سوڈان میں فوج اور منحرف ’ریاپڈ سپورٹ فورسز‘ کے درمیان کئی ماہ سے جاری شدید لڑائیوں میں عوام ایک نئے المیے سے دوچار ہوچکے ہیں۔ ہر طرف تباہی اور بربادی کی داستانیں بکھری ہوئی ہیں اور لوگ فاقوں کی وجہ سے اپنے بچوں کو کیڑے مکوڑے کھلانے پر مجبور ہیں۔بے گھر ہونے والے لوگ المناک حالات سے دوچار ہیں جہاں وہ پناہ ڈھونڈنے کے ساتھ ساتھ خوراک کی عدم دستیابی کا بھی شکار ہیں۔ ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ بے گھر ہونے والے لوگ بچوں کو کیڑے کھلانے پرمجبور ہیں۔امدادی تنظیم سے تعلق رکھنے والی سوزانا برجیس نے انکشاف کیا کہ چاڈ میں بے گھر ہونے والوں میں سے کچھ لوگوں کو پانچ ہفتوں سے کھانا نہیں ملا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنے بچوں کو کیڑے مکوڑے، گھاس اور پتے کھلاتے ہیں۔