حیدرآباد۔/26 اپریل، ( سیاست نیوز) شورش زدہ سوڈان میں پھنسے ہوئے تلنگانہ شہریوں کو بحفاظت واپس لانے پر توجہ دیتے ہوئے نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے آپریشن کاویری کے تحت ہندوستانیوں کی بحفاظت واپسی کی مہم شروع کی ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مدد کیلئے تلنگانہ حکومت نے عہدیداروں کو متحرک کردیا ہے۔ سوڈان میں موجود تلنگانہ کے باشندوں کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ بھون کے ریسیڈنٹ کمشنر گورو اوپل نے بتایا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بیشتر باشندوںکی شناخت کرلی گئی ہے۔ سوڈان سے انہیں جدہ پہنچایا گیا ہے جہاں سے خصوصی پروازوں کے ذریعہ دہلی اور ممبئی لایا جائے گا۔ چہارشنبہ کے دن ہندوستان پہنچنے والے شہریوں میں 4 کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ دہلی آنے والے تلنگانہ باشندوں کے لئے تلنگانہ بھون میں طعام اور قیام کے انتظامات کئے گئے۔ انہیں حیدرآباد روانگی کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ گورو اوپل نے بتایا کہ جس طرح یوکرین سے آنے والے تلنگانہ باشندوں کی مدد کی گئی اسی طرح سوڈان سے آنے والے افراد کی مدد کی جارہی ہے۔ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسیس میں جھڑپوں کے باعث ملک کے حالات ابتر ہوگئے ہیں غیر ملکیوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ر