سوڈان کیلئے فضائی اور سمندری پل کےآغاز کی تیاریاں جاری : سعودی عرب

   

ریاض : سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سنٹر کے جنرل سوپروائزر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سوڈان کیلئے فضائی اور سمندری پل کے آغاز کی تیاریاں جاری ہیں۔ انھوں نے ’’العربیہ‘‘ سے گفتگو میں کہا کہ “ہمیں امید ہے کہ کل فضائی پل کا آغاز ہو جائے گا لیکن ہم مقامی اور بین الاقوامی اداروں سے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ امداد ضرورت مندوں تک پہنچ جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی وزارت خارجہ کے ذریعے تنازعہ کے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطہ ہے تاکہ ضرورت مندوں کو امداد کی تیز ترین ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ العربیہ نے کہا کہ خرطوم میں صحت کے شعبے کو سپورٹ کرنے کا منصوبہ بھی تیار ہے۔شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر کے مطابق 15 ملین سوڈانی افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عطیہ دہندگان اور تاجروں سے مطالبہ کیا کہ وہ سوڈانیوں کے مصائب کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔خیال رہے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان ریلیف سنٹر کو 100 ملین ڈالر کی مختلف انسانی امداد فراہم کرنے اور ’’ساھم‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعہ امداد کے حصول کی مقبول مہم چلانے کی ہدایت کی تھی۔