خرطوم : سوڈان کے الفاشر میں سوڈانی فوج اور باغی رپیڈ فورس میں ہونے والے تصادم کے دوران 30 شہری ہلاک ہوگئے ۔ عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سوڈانی فوج نے رپیڈ فورس پر مختلف مقامات پر گولہ باری کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ سوڈانی افواج کا کہنا ہے کہ الفاشر پر رپیڈ فورس کی گولہ باری سے مزید 30 شہری ہلاک اور 40 زخمی ہوئے ۔ پناہ گزین کیمپ پر رپیڈ فورس کے حملے کے باعث 4 لاکھ 50 ہزار شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے ۔ سوڈانی فوج کے مطابق پناہ گزین کیمپوں سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے ۔ عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ جمعہ سے اتوار تک زم زم پناہ گزین کیمپ پر حملوں کے نتیجے میں 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ۔