اسٹاک ہوم: مغربی دفاعی اتحاد ناٹو کے رکن 30 ممالک نے سویڈن اور فن لینڈ کی اس اتحاد میں شمولیت کے پروٹوکول پر منگل کے روز دستخط کر دیے۔ ان دونوں شمالی یورپی ممالک کی ناٹو میں شمولیت کا معاملہ اب پہلے سے رکن چلے آ رہے ممالک کی حکومتوں کو بھیج دیا گیا ہے، جن کے قومی پارلیمانی اداروں کو اس شمولیت کی لازمی منظوری دینا ہے۔ اس پروٹوکول پر دستخطوں کے موقع پر ناٹو کے سیکرٹری جنرل ڑینس اسٹولٹن برگ نے برسلز میں کہا کہ سویڈن، فن لینڈ اور خود ناٹو کے لیے آج کا دن حقیقی معنوں میں ایک تاریخ دن ہے۔ سویڈن اور فن لینڈ نے مغربی دفاعی اتحاد میں شمولیت کی درخواستیں روس کے یوکرین پر فوجی حملے کے بعد پیدا ہونے والی قومی اور علاقائی سلامتی کی صورت حال کی وجہ سے دی تھیں۔