ایم ایل اے منوہر ریڈی نے فوری معطلی کی کارروائی کی ہدایت دی
تاندور۔ 11 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وقارآباد ضلع کے تانڈور اسپتال میں سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ونے کمار کی جانب سے نرسنگ عملے کو ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ متعدد نرسنگ اسٹاف نے تانڈور کے ایم ایل اے منوہر ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلے میں تحریری شکایت پیش کی۔تفصیلات کے مطابق نرسنگ عملہ ایم ایل اے کے کیمپ آفس پہنچا اور سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ونے کمار کے رویے اور مبینہ ہراسانی سے متعلق مسائل ان کے سامنے رکھے۔ نرسنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ڈیوٹی کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت کرتے ہیں اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹس کو بھی دباؤ میں رکھتے ہیں۔ شکایت میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگر عملہ ان کی مرضی کے مطابق کام نہ کرے تو وہ دھمکیاں دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’اگر میری بات نہیں مانی تو میں تیسری آنکھ کھول دوں گا‘‘۔نرسنگ عملے نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ سپرنٹنڈنٹ ڈیوٹی کے دوران اپنے چیمبر میں شراب نوشی کرتے ہیں اور نشے کی حالت میں نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں۔اس معاملے پر تانڈور کے ایم ایل اے بی منوہر ریڈی نے فوری طور پر وقارآباد ضلع کے ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر آنند سے بات چیت کرتے ہوئے حقیقت معلوم کی۔ ڈی سی ایچ ایس ڈاکٹر آنند نے بھی نرسنگ عملے کی شکایات کو درست قرار دیا۔اس کے بعد ایم ایل اے منوہر ریڈی نے ہدایت دی کہ موجودہ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ونے کمار کی جگہ سینئر ڈاکٹر اور سول اسسٹنٹ سرجن ڈاکٹر مورتی کو نیا سپرنٹنڈنٹ مقرر کرنے کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی ۔