نئی دہلی، 18 جولائی (یو این آئی) بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کو جھٹکہدیتے ہوئے سپریم کورٹ نے جمعہ کو ‘زمین کے بدلے نوکری’ گھپلے سے متعلق ان کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔سپریم کورٹ نے آج سابق وزیراعلی کی اس درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کردیا جس میں اس کیس میں نچلی عدالت کی کارروائی پر روک لگانے کی مانگ کی گئی تھی۔ دہلی ہائی کورٹ سے راحت نہ ملنے پر مسٹر یادو نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔سابق وزیر ریلوے کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل کے مختصر دلائل سننے کے بعد، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی ڈویژن بنچ نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ مسٹر یادو کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی چارج شیٹ کو منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ کرے گی۔ سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کو بھی ہدایت دی کہ وہ اہم عرضی کو جلد نمٹائے ۔عدالت عظمیٰ نے تاہم درخواست گزار کو راحت دیتے ہوئے کہا کہ نچلی عدالت میں ان کی موجودگی کی شرط کو ختم کیا جاسکتا ہے ۔دہلی ہائی کورٹ نے 29 مئی کو مسٹر یادو کی نچلی عدالت کی کارروائی پر روک لگانے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔