سپریم کورٹ میں سابق وزیرفینانس چدمبرم کو آخرکار ضمانت

,

   

سی بی آئی کیس میں ضمانت، ای ڈی تحویل برقرار
عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک نہ جانے کی ہدایت، ای ڈی کیس میں ملزم کی بدستور تحویل
نئی دہلی ۔ 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سابق وزیرفینانس پی چدمبرم کی ضمانت کو آج منظوری دے دی ہے۔ چدمبرم کو دو ماہ قبل آئی این ایکس میڈیا کرپشن کیس میں سی بی آئی نے گرفتارکیا تھا۔ جسٹس آر بانومتی کی زیرقیادت سپریم کورٹ کی بنچ نے دہلی ہائیکورٹ کے 30 ستمبر کے فیصلہ کو کالعدم کردیا جس میں چدمبرم کو ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کی بنچ جسٹس اے ایس بوپنا اور ہرکیش رائے پر مشتمل تھی جس نے چدمبرم کی ضمانت کو ایک لاکھ روپئے کے شخصی مچلکہ اور ایک لاکھ روپئے کی رقم ڈپازٹ کی بنیاد پر منظوری دی۔ سپریم کورٹ کا کہنا ہیکہ اگر کسی دوسرے کیس میں مطلوب نہیں ہیں تو چدمبرم کو رہا کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے تاہم یہ واضح کیا کہ چدمبرم عدالت سے قبل از وقت اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جاسکتے اور تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے پوچھ تاچھ کیلئے جب بھی انہیں طلب کیا جائے وہ دستیاب رہیں۔ پی چدمبرم اس وقت منی لانڈرنگ کے ایک علحدہ کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحول میں ہیں۔ پی چدمبرم کو سی بی آئی نے 21 اگست کو کرپشن کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا جس میں چدمبرم اور دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی جن میں چدمبرم کے فرزند کارتی اور بعض بیوو کریٹس شامل ہیں جن پر انسداد رشوت ستانی قانون کے تحت مبینہ طور پر کرپشن کے ذریعہ سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔