نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو آلٹ نیوز کے شریک بانی اور فیکٹ چیک کرنے والے محمد زبیر کو اتر پردیش میں سیتا پور پولیس کی طرف سے ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کے سلسلے میں پانچ دن کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔حتمی فیصلے کے لیے اگلی سماعت 7 ستمبر کو ہوگی۔جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس اے ایس بوپنا کی صدارت والی بنچ نے یہ حکم دیا۔ زبیر نے الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے سے انکار کو چیلنج کیا تھا۔یوپی پولیس کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے، ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کے لیے وقت مانگا جب کہ زبیر کے وکیل کولن گونسالویس نے نشاندہی کی کہ ضمانت صرف پانچ دن کے لیے تھی جو کل ختم ہو رہی ہے۔اس کے بعد بنچ نے عبوری ضمانت میں اگلے احکامات تک توسیع کر دی۔ اس نے یوپی پولیس کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے چار ہفتے کا وقت بھی دیا ہے ۔