نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اس درخواست کو خارج کر دیا ہے، جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے بجائے بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ درخواست کو خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ اس میں کوئی میرٹ نظر نہیں آتا۔ ای وی ایم مشینوں کا معاملہ ایک بار پھر سپریم کورٹ پہنچا۔ ایڈوکیٹ منوہر لال شرما نے سپریم کورٹ میں ای وی ایم ووٹنگ کے خلاف عرضی پر جلد سماعت کا مطالبہ کیا تھا شرما نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ انتخابات صرف بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم قانون کے مطابق بات کر رہے ہیں۔ اپنی درخواست میں، شرما نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 61(a) کو چیلنج کیا تھا، جس میں بیلٹ پیپرز کے بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے ذریعے ووٹنگ کرانے کا انتظام کیا گیا ہے شرما کی عرضی کے مطابق اس پروویژن کو ابھی تک پارلیمنٹ نے منظور نہیں کیا ہے۔ اس لیے اس کے ذریعے اب تک ہونے والے تمام انتخابات غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہر جگہ بیلٹ کے ذریعے دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔