سپریم کورٹ کا گھر گھر ویکسی نیشن پر فیصلہ سے گریز

   

نئی دہلی: گھر گھر جاکر کوویڈ ویکسی نیشن کرنے کے مطالبہ والی درخواست پر سپریم کورٹ نے غور کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی انتظامی ضروریات اور پالیسی فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی عمومی ہدایات جاری نہیں کی جا سکتی ہیں۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ نے کہا کہ ایسی درخواستیں دائر کرتے وقت درخواست گزار مناسب غوروفکر نہیں کرتے ہیں۔ بمبئی ہائی کورٹ نے ایک حکم جاری کیا تھا کہ جو لوگ نہیں جاسکتے ان کے گھرجاکر ویکسین دی جائے ، لیکن ملک کے مختلف مقامات پر صورتحال مختلف ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ لداخ ، کیرالا اور یوپی دیہی اور شہری علاقوں میں صورتحال مختلف ہے۔ آپ کو ملک کے تنوع کو اس طرح دیکھنا چاہیے کیونکہ پورے ملک کو ایک مشترکہ حکم میں نہیں لایاجا سکتا۔