سچ چھپانا مودی حکومت کا شیوہ ، ٹرمپ سے غربت چھپانے کی کوشش

   

احمدآباد میں سلم بستیوں کے پاس دیواریں تعمیر کرنے پر کانگریس کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 18 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت ہمیشہ سچ چھپانے کی کوشش کرتی ہے اور اس مرتبہ معاشی اعدادوشمار سے جڑے ثبوت چھپانے کے ساتھ ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان دورے کے دوران راستے میں پڑنے والی غریبوں کی جھونپڑی چھپانے کیلئے دیوار بنا رہی ہے ۔کانگریس ترجمان گورو بلبھ نے کہا کہ یہ حکومت سچائی کو کبھی قبول نہیں کرتی ہے اور وہ سب کچھ چھپانا چاہتی ہے ۔حکومت برابر غلط اعدادوشمار دے کر سچائی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتی ہے لیکن سچائی زمین پر ہوتی ہے جسے پوشیدہ نہیں رکھا جاسکتا۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت میں بیٹھے لوگوں کیلئے آنکھ مچولی پسندیدہ کھیل بن گیا ہے ۔ یہ کھیل ان دنوں سرخیوں میں ہے کیونکہ ملک میں 40 برس میں سب سے کم کھپت دیکھنے کو مل رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ملک میں بیروزگاری کے اعدادوشمار کو چھپایا گیا، لوگوں کی آمدنی میں 9 برسوں میں سب سے کم اضافہ ہوا ہے اور یہ اعدادوشماور بھی پوشیدہ رکھا جارہا ہے ۔ ملک کے شہریوں کی 40 برسوں میں پہلی مرتبہ کھپت میں کمی آئی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ حکومت صرف معاشی ڈاٹا ہی نہیں چھپارہی ہے بلکہ وہ غریبی پربھی پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہے اوراس کی تازہ مثال گجرات کا احمدآباد بن گیا ہے جہاں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ہندوستان دورے کے دوران ‘نمستے ٹرمپ پروگرام’ منعقد کیا جانا ہے ۔ صدر ٹرمپ جس راستے سے آئیں گے اس راستے پر دیوار بنائی جارہی ہے تاکہ ملک کی غربت وہ نہیں دیکھ پائیں اور اصلیت کو دیوار کے پیچھے چھپایا جاسکے ۔دیواربنا کر چھپانے کا ماڈل گجرات کا نہیں رہا ہے اور نہ ہی ملک کے کسی کے حصے کا رہا ہے لیکن مودی حکومت سب کچھ پوشیدہ رکھنا چاہتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے ملک کے منظم اور غیر منظم شعبہ کو برباد کردیا ہے ۔