کولمبو۔ سری لنکا کے سابق کرکٹر سچیتھرا سینانائیکے کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا جب وہ وزارت کھیل کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ (ایس آئی یو) کے سامنے پیش ہوئے۔اسے دن کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔گزشتہ ماہ کولمبو کے مجسٹریٹ نے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں 38 سالہ بولر پر تین ماہ کے لیے بیرون ملک سفرکرنے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ یہ اٹارنی جنرل کی طرف سے ایس آئی یوکو سابق کرکٹر کے خلاف مجرمانہ الزامات عائد کرنے کی ہدایت پر تھا۔ الزامات کے مطابق سینانائیکے نے مبینہ طور پر 2020 میں لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کے پہلے ایڈیشن میں میچ فکس کرنے کے لیے دبئی سے فون پردو کرکٹرز سے رابطہ کیا تھا۔ سری لنکا کے لیے وائٹ بال کے 73 میچوں میں 78 وکٹیں لینے والے سابق کرکٹر نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔کولمبو مجسٹریٹ کے سامنے سینانائیکے کی جانب سے 2021 میں ان کی گرفتاری کے خلاف دائر پیشگی ضمانت مسترد کر دی گئی۔