سڑک حادثات میں چار افراد بشمول دو خواتین ہلاک

   

حیدرآباد 5 جنوری (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول دو خواتین فوت ہوگئیں۔ لنگرحوض پولیس کے مطابق 75 سالہ غوث محمد خان جو بیگم بازار علاقہ کے ساکن تھے، یہ شخص 2 جنوری کو موٹر سیکل پر جارہے تھے کہ مغل کا نالہ علاقہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئے۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 75 سالہ سید عزیز جو پیشہ سے کارپنٹر ، پرانا پل علاقہ کے ساکن کل رات دیر گئے یہ شخص افضل گنج علاقہ سے گزر رہے تھے کہ جمعرات بازار کے علاقہ میں موٹر سائیکل سے بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئے اور سید عزیز برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ ایس آر نگر پولیس کے مطابق 44 سالہ خاتون کنکماں جو پیشہ سے گھریلو ملازمہ تھی، ایس آر نگر علاقہ میں رہتی تھی۔ یکم جنوری کے دن یہ خاتون سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگئی تھی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ سکندرآباد کے علاقہ مہانکالی پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 75 سالہ خاتون وجئے لکشمی آٹو کی زد میں آکر فوت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق 29 ڈسمبر کے دن حادثہ پیش آیا تھا اور یہ زخمی خاتون آج فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے۔