حادثات و اموات میں اترپردیش سرفہرست،بھاری ٹریفک چالانات بے اثر
نئی دہلی ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں سڑک حادثات میں ہر روز درجنوں افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوجاتے ہیں ۔ اس کی سب سے اہم وجہ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور عوام میں پایا جانے والا عدم ڈسپلن ہے ۔ حال ہی میں ایک سرکاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سال 2018 ء کے دوران کم از کم 1.5 لاکھ افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے جبکہ صرف رانگ سائیڈ ڈرائیونگ (غلط سمت ڈرائیونگ) کے نتیجہ میں ہر دن 24 لوگ مارے جاتے ہیں۔ پچھلے سال اترپردیش میں سب سے زیادہ حادثات پیش آئے جس میں مرنے والوں کی تعداد بھی ملک کی دیگر ریاستوں کی بہ نسبت بہت زیادہ رہی۔ گزشتہ سال یو پی میں 22256 لوگ سڑک حادثات میں اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ رپورٹ کے مطابق غلط سمت میں جانے والی گاڑیوں سے متعلق حادثات میں یومیہ اوسطاً 24 لوگ مارے گئے جبکہ پارک کی گئی گاڑیوں سے ٹکرانے کے نتیجہ میں 4780 زندگیوں کا خاتمہ ہوا ۔ 2017 ء کی بہ نسبت بتایا جاتا ہے کہ رانگ سائیڈ ڈرائیونگ میں مرنے والوں کی تعداد میں 2018 ء کے دوران 9 فیصد کی کمی آئی ہیں۔ پارک کی ہوئی گاڑیوں کے ساتتھ تصادم کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ۔ وزارت حمل و نقل کی رپورٹ کے مطابق سال 2018 ء میں سڑک حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی جملہ تعداد 1,51,417 رہی جو 2017 ء سے 3500 زیادہ ہے ۔ 2018 ء میں جملہ 4,67,044 سڑک حادثات پیش آئے ، اس طرح یومیہ اوسطاً 1280 حادثات ریکارڈ کئے گئے ۔ ان حادثات میں دو پہیوں کی گاڑ یوں سے جڑے حادثات سب سے زیادہ 31.4 فیصد رہے، اس کے بعد کار وں اور جیپیوں کا نمبر آتا ہے ۔ 2018 ء کے سڑک حادثات میں موٹر سیکل رانوں کی سیکل رانوں اور پیدل راہروں کی تعداد جملہ ہلاکتوں کی 54 فیصد رہی ۔ سڑک حادثات اور ان میں ہلاکتوں کی سب سے اہم وجہ تیز رفتار ڈرائیونگ رہی۔ صرف گاڑیاں تیز رفتاری سے چلانے کے باعث ہوئے حادثات میں 64.4 فیصد لوگ مارے گئے ۔ دہلی میں بھی ہر پانچ گھنٹے میں حادثات کے باعث ایک موت ہوتی رہی ۔ نریندر مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں موثر وہیکلس (ترمیمی بل 2019 ء) پیش کیا اور یکم ستمبر سے اس کا نفاذ بھی عمل میں آیا ۔ نتیجہ میں عوام نے شدید احتجاج کیا ۔ راجستھان ، مغربی بنگال ، اڈیشہ اور مہاراشٹرا نے من مانی جرمانوں پر تشویش ظاہر کی۔ اترکھنڈ اور گجرات نے جرمانوں میں کمی کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر کرناٹک یدی یورپا نے محکمہ حمل و نقل کے حکام کو ٹریفک کے بھاری چالانات کم کردینے کی ہد ایت دی۔ اسی طرح چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بھاری جرمانے عائد کرنے پر عمل آوری سے انکار کردیا۔