سڑک حادثات پر قابو پانے اور ہلاکت سے بچانے کے اقدامات

   

بلاک اسپاٹس کی نشاندہی، مختلف محکمہ جات سے جائزہ
حیدرآباد14 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں پیش آرہے سڑک حادثات پر قابو پانے اور شہریوں کو ہلاکت سے بچانے کے لئے سرکاری محکموں کی جانب سے بالآخر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سڑکوں پر پیش آرہے حادثات کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے بچاؤ کے مؤثر اقدامات پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ شہر کے ایسے مقامات جہاں بار بار حادثات پیش آرہے ہیں، ان مقامات کو ’’بلاک اسپاٹ‘‘ کی طرز پر نشاندہی کرلی گئی ہے اور ان بلاک اسپاٹس پر بچاؤ اقدامات کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کی کہیں سڑکیں تو کہیں بنیادی سہولیات ان حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ ان بلاک اسپاٹ پر ٹریفک پولیس کے علاوہ بلدیہ، سی آر ایم پی، آر اینڈ بی، این ایچ آئی اے کنٹونمنٹ کے عہدیدار مشترکہ طور پر جائزہ لیں گے اور اپنے اپنے محکموں کی جانب درکار اقدامات کو فوری انجام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان بلاک اسپاٹس کی جن مقامات پر نشاندہی کی گئی ان مقامات پر خصوصی ٹریفک انتظامات کے علاوہ فٹ اوور بریجوں کی تعمیر کی سفارشات بھی کی جارہی ہیں۔ شہر یوں میں پائے جانے والے خوف اور سڑک حادثات میں پیش آرہی اموات کی روک تھام کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ کے دوران پیش آئے سڑک حادثات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس اور بلدیہ کے علاوہ دیگر تمام محکموں سے اشتراک کیا جائے گا اور باہمی تال میل کے ساتھ اقدامات انجام دیئے جائیں گے۔ A