بلاک اسپاٹس کی نشاندہی، مختلف محکمہ جات سے جائزہ
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میں پیش آرہے سڑک حادثات پر قابو پانے اور شہریوں کو ہلاکت سے بچانے کے لئے سرکاری محکموں کی جانب سے بالآخر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سڑکوں پر پیش آرہے حادثات کی وجوہات کا جائزہ لیتے ہوئے بچاؤ کے مؤثر اقدامات پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ شہر کے ایسے مقامات جہاں بار بار حادثات پیش آرہے ہیں، ان مقامات کو ’’بلاک اسپاٹ‘‘ کی طرز پر نشاندہی کرلی گئی ہے اور ان بلاک اسپاٹس پر بچاؤ اقدامات کئے جائیں گے۔ گریٹر حیدرآباد کی کہیں سڑکیں تو کہیں بنیادی سہولیات ان حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ ان بلاک اسپاٹ پر ٹریفک پولیس کے علاوہ بلدیہ، سی آر ایم پی، آر اینڈ بی، این ایچ آئی اے کنٹونمنٹ کے عہدیدار مشترکہ طور پر جائزہ لیں گے اور اپنے اپنے محکموں کی جانب درکار اقدامات کو فوری انجام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان بلاک اسپاٹس کی جن مقامات پر نشاندہی کی گئی ان مقامات پر خصوصی ٹریفک انتظامات کے علاوہ فٹ اوور بریجوں کی تعمیر کی سفارشات بھی کی جارہی ہیں۔ شہر یوں میں پائے جانے والے خوف اور سڑک حادثات میں پیش آرہی اموات کی روک تھام کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ گزشتہ ماہ کے دوران پیش آئے سڑک حادثات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس اور بلدیہ کے علاوہ دیگر تمام محکموں سے اشتراک کیا جائے گا اور باہمی تال میل کے ساتھ اقدامات انجام دیئے جائیں گے۔ شہر کو عہدیداروں کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران پرکاش نگر تا حیدرآباد پبلک اسکول کے علاوہ 6 افراد حادثہ میں ہلاک ہوئے جبکہ جاریہ سال جون تک 173 افراد ہلاک ہوئے جن میں 95 افراد اوور اسپیڈ کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ مختلف محکموں کے باہمی اشتراک سے پرکاش نگر، حیدرآباد پبلک اسکول، تاڑبن، ملک پیٹ گنج، ایم جے مارکٹ، اجنتہ گیٹ و دیگر مقامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ سائبرآباد حدود میں ایک سال کے عرصہ میں 1736 شہری ہلاک ہوئے۔ سائبرآباد حدود میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لئے روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ مانیٹرنگ سیل کو قائم کیا گیا ہے۔ جو گزشتہ چند عرصہ سے کام کررہا ہے اور اس سیل کی جانب سے کی جارہی کاوشوں سے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس ضمن میں فوری اثر کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ شہر میں ہوئی حالیہ بارش کے بعد بلدیہ نے تباہ شدہ سڑکوں کا جائزہ لیا اور فوری اقدامات کرتے ہوئے 7,248 مقامات پر سڑکوں کی مرمت کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان ہاٹ ہولڈ کو درست کیا جارہا ہے جبکہ 6,321 چھوٹے گڑھوں کی مرمت اور انھیں سڑک کے مساوی کرتے ہوئے سڑکوں کو درست کیا جارہا ہے۔ جاریہ سال گریٹر حیدرآباد میں 473 شہری سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے اور 2063 شہری معمولی زخمی، شہر میں کل 2505 سڑک حادثات پیش آئے جن میں 442 خطرناک حادثات کے طور پر ریکارڈ کئے گئے۔ حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 2285 شہری زخمی ہوئے۔ ایسے مقامات پر آئندہ حادثات کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ A
