سڑک حادثات کا راست یا بالراست بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی

   

سنگین دفعات کے تحت گرفتاری ممکن ، ٹپر ڈرائیور گرفتار ، قتل کا مقدمہ
حیدرآباد :۔ سائبر آباد پولیس نے سڑک حادثات کا راست یا بالراست سبب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کو جاری رکھے ہوئے ہے اور سنگین دفعات کے تحت ان افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے ۔ جو حادثات کا سبب بن رہے ہیں اور ان میں اموات پیش آرہی ہیں ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں ٹپر ڈرائیور کے خلاف غیر ارادتی طور پر قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں حادثہ پیش آیا تھا ۔ گچی باولی حدود میں ایک ٹپر لاری جو یوٹرن لینے کے دوران موٹر سیکل سوار کو ٹکر دی تھی اور اس حادثہ میں موٹر سیکل سوار ہلاک ہوگیا تھا ۔ سائبر آباد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کے بعد اس کی تفصیلات حاصل کی اور ٹپر گاڑی کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ۔ اس وقت ٹپر گاڑی کو 40 سالہ شیخ سلیم پاشاہ چلا رہا تھا ۔ اس حادثہ میں 24 سالہ رجنی کانت موہنتی ہلاک ہوگیا جو گوپن پلی علاقہ کا ساکن تھا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں سلیم پاشاہ کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔۔