نئی دہلی: مرکز نے تمام ریاستی ٹرانسپورٹ وزراء اور عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2024 کے آخر تک سڑک حادثات اور اموات میں 50 فیصد تک کمی لانے کے لیے مل کر کام کریں۔سڑک، ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ سڑک کی حفاظت کے مسئلہ کو آسان تصور نہیں کیا جانا چاہئے۔ سڑک حادثات کا مسلسل جائزہ لیا جانا چاہیے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر نے انجینئرنگ کے طلباء کو سڑکوں کا سیفٹی آڈٹ کرنے کی تربیت دینے کی تجویز پیش کی جس کی بنیاد پر وزارت کارروائی کرسکتی ہے۔ بنگلورو میں ریاستی ٹرانسپورٹ کے وزراء کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں، ریاستی ٹرانسپورٹ اور پی ڈبلیو ڈی کے وزراء نے ہائی وے کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق اپنے مسائل کو اٹھایا اور اپنے مسائل کا اشتراک کیا اور مرکزی حکومت سے ان کو حل کرنے پر زور دیا۔ اجلاس میں مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، راجستھان کے بشمول کئی ریاستوں کے وزراء شریک ہوئے۔ تمل ناڈو کے وزیر ویلو نے ریاست کو حادثات سے پاک بنانے کے لیے ریاستی حکومت کے اقدامات کے بارے میں بتایا۔