پولیس کی جانب سے شہر کے کئی مقامات پر سگنلس کی تنصیب، پرانا شہر نظرانداز
حیدرآباد۔23۔اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں پیدل راہگیروں کیلئے سڑک عبور کرنے کی سہولت فراہم کرنے سگنلس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے لیکن پرانے شہر کو ان عصری سگنل نظام سے محروم رکھا گیا ہے۔ پولیس انتظامیہ کے اس اقدام سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پرانے شہر کے عوام کو سڑک عبور کرنے کیلئے ٹریفک کو روکنے کی ضرورت نہیں ہے یا پھر پرانے شہر کے عوام عصری سہولتوں کے استعمال سے ناواقف ہیں ۔ حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے پرانے شہر میں ٹریفک سگنل نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات میں کی جانے والی تاخیر کے بعد اب پیدل راہگیروں کیلئے نصب کئے گئے سگنلس سے بھی پرانے شہر کو محروم کرتے ہوئے یہ تاثر دیا جا رہاہے کہ پرانے شہر کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ عہدیداروں کے مطابق مصروف ترین سڑکوں پر یہ سگنل نصب کئے گئے ہیں تاکہ عوام اپنی سہولت سے سگنل کا استعمال کرتے ہوئے سڑک عبور کرسکیں۔ پیدل راہروؤں کو سڑک عبور کرنے کے لئے نصب کئے گئے ان سگنلس کا مشاہدہ کیا جائے تو یہ سگنلس نو آبادیاتی علاقوں اور عطاپور‘ دبندلہ گوڑہ جیسی سڑکوں پر بھی نصب کئے گئے ہیں لیکن پرانے شہر کی کسی مصروف ترین سڑک پر پیدل راہروؤں کے لئے یہ سگنل نظر نہیں آرہے ہیں جبکہ انجن باؤلی ‘ شاہ علی بنڈہ ‘ بی بی بازار‘ سنتوش نگر‘ بہادر پورہ ‘چندولعل بارہ دری کے علاوہ دیگر کئی ایسی مصروف سڑکیں ہیں جہاں پیدل راہروؤں کو سڑک عبور کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کئی مقامات پر حادثات رونما ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود پرانے شہر کو اس سہولت سے محروم رکھا گیا ہے اور جہاں یہ سکنل نصب کئے گئے ہیں ان علاقوں میں لوگ اس کا بھر پوراستعمال کرتے ہوئے عالمی معیار کی اس سہولت سے نہ صرف استفادہ کر رہے ہیں بلکہ محفوظ سڑک عبور کر رہے ہیں۔ محکمہ ٹریفک پولیس اور شہری پولیس انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر پرانے شہر کی مصروف ترین سڑکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان مقامات پر بھی سڑک عبور کرنے کے لئے ان سگنلس کی تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ پرانے شہر کے عوام بھی اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں۔م