حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے سڑکوں کی نگہداشت کی ذمہ داری میں تساہل پر ایک خانگی ایجنسی پر ایک لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ اسکے علاوہ دو ملازمین کو معطل کیا گیا ۔ سڑکوں کی دیکھ بھال کے جامع پروگرام کے تحت خانگی اداروںکو شہر کی مختلف سڑکوں کے مینٹننس کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سکندرآباد کے پدما راؤ نگر میں اوپن مین ہولس سے راہگیروں کو خطرہ کے بارے میں اخباری اطلاعات کے بعد جی ایچ ایم سی حکام نے مینٹیننس کی ذمہ دار ایجنسی پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ اسسٹنٹ انجنیئر ایم راج شیکھر کی معطلی کا فیصلہ کیا گیا ۔ جی ایچ ایم سی نے علاقہ کے ورکس انسپکٹرس کو بھی خدمات سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے واضح کردیا کہ سڑکوں کی نگہداشت کے معاملہ میں کسی بھی تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر کی ہدایت کے بعد عہدیداروں نے دو ملازمین کی معطلی کا فیصلہ کیا ہے۔