کانگریس ارکان اسمبلی مقدمہ کا نیا موڑ،عہدیداروں کو عدالت میں پیش کرنے کمشنر پولیس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 8۔ فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے کانگریس کے دو سابق ارکان اسمبلی کو گزشتہ اسمبلی میں نااہل قرار دیئے جانے کے مقدمہ میں آج اہم فیصلہ سنایا ہے ۔ عدالت نے سکریٹری لیجسلیچر اور لا سکریٹری پر توہین عدالت کے سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے ۔ 10,000 روپئے مچلکہ کے ساتھ یہ وارنٹ جاری کیا گیا ۔ ان دونوں عہدیداروں کو 15 فروری کو شخصی طور پر عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ اسمبلی میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کو اسپیکر نے اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا تھا ۔ گورنر کے خطبہ کے دوران گڑبڑ کے الزام میں دونوں ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کی گئی تھی جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا ۔ عدالت نے دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے کی ہدایت دی لیکن عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا گیا۔ آج سماعت کے دوران بنچ نے سکریٹری لیجسلیچر اور لا سکریٹری کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا ۔ توہین عدالت مقدمہ کے تحت دونوں کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا۔ عدالت میں حاضری کی بارہا ہدایت کے باوجود دونوں عہدیدار عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر ان کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ دونوں سکریٹریز کو عدالت میں پیش کریں۔ کانگریس کے سابق ارکان اسمبلی کے وکیل جندھیالیہ روی شنکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا تاریخی فیصلہ ہے۔ دونوں سکریٹریز کو کسی بھی صورت میں 15 فروری کو حاضر عدالت ہونا ہے۔