عہدیداروں کو کے سی آر کی ہدایت
احاطہ میں عبادت گاہوں اور دیگر سہولتوں کا جائزہ
حیدرآباد: سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی جانب سے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کو گرین سگنل دیئے جانے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں نئی عمارت کی تعمیر کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر اس طرز پر کی جائے کہ جس سے تلنگانہ کے وقار میں اضافہ ہو اور ساتھ ہی یہ عمارت ان تمام سہولیات سے آراستہ ہو جو ایک انتظامی مرکز کیلئے ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں نئی عمارت کی تعمیر کے مسئلہ پر وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی ، حکومت کے مشیر راجیو شرما اور چیف سکریٹری سومیش کمار سے مشاورت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سکریٹریٹ کامپلکس تلنگانہ ثقافت اور وقار کا مظہر ہونا چاہئے۔ چیف منسٹر وزراء ، چیف سکریٹری اور دیگر تمام سکریٹریز وہیں سے اپنے فرائض انجام دیں گے ۔ سابق کی طرح مختلف مقامات سے وہ اپنے فرائض انجام نہیں دیں گے۔ وزراء اور ان کے سکریٹریز کو ایک ہی مقام سے حدمات انجام دینا چاہئے ۔ سکریٹریٹ کے قریب تمام محکمہ جات کے سربراہان کیلئے ایک بلاک تعمیر کیا جائے گا تاکہ حکومت کی ساری مشنری ایک صحت موجود رہے۔ سکریٹریٹ کا اندرونی حصہ اتنا ہی خوبصورت ہو جتنا کہ بیرونی حصہ۔ کامپلکس میں ہر طرح کی سہولتیں دستیاب رہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ہمیں اس بارے میں فیصلہ کرنا ہے کہ وزراء اور سکریٹریز کے چیمبرس کیسے ہوں۔ کانفرنس ہالس ، اسٹاف کے دفاتر ، لنچ ہالس سنٹرلائیز اسٹرانگ رومس ، ریکارڈ رومس اور دیگر چیمبرس کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بتایا کہ عبادت گاہیں ، بینکس ، وزیٹرس کے لئے ہال ، پارکنگ ، سیکوریٹی عملہ کیلئے مختص احاطہ اور دیگر ضروریات کیلئے کمرے کس جگہ اور کیسے ہوں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تمام سہولتوں سے متعلق منصوبہ کو قطعیت دیتے ہوئے ٹنڈرس طلب کریں۔