حیدرآباد ۔ /6 اکٹوبر (سیاست نیوز) دسہرہ کے عین قبل آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے ریلوے مسافرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر مسافرین کے درمیان دھکم پیل کے نتیجہ میں آج ریلوے پولیس نے لاٹھی چارج کیا ۔ آج سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ایسے مناظر دیکھے گئے جس میں ٹرین رکنے سے قبل ہی مسافرین سوار ہونے کی کوشش کرتے نظر آئے اور مسافرین کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں ۔ چلتی ٹرین میں سوار ہونے سے مسافرین کو خطرہ لاحق ہے اور اسے بچانے ریلوے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور انہیں قطار میں ٹرین میں سوار ہونے کی ہدایت دی ۔ دسہرہ کے موقع پر دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد آبائی مقام جانے آر ٹی سی بسوں کا استعمال کرتے تھے لیکن ہڑتال کے نتیجہ میں عوام پریشان ہوگئی اور ٹرین سے اپنے مقامات کو پہونچنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سکندرآباد اسٹیشن کے علاوہ کاچی گوڑہ اور نامپلی اسٹیشنوں پر مسافرین کی بھاری تعداد دیکھی جارہی ہے ۔