12 گھنٹے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ وزیر داخلہ جناب محمود علی و دیگر نے دورہ کیا
حیدرآباد : /19 نوری (سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ نلہ گٹہ منسٹرس روڈ پر واقع ایک کمرشیل بلڈنگ میں آج صبح مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ اس واقعہ میں آگ پر قابو پانے میں 12 گھنٹے تک کوششیں جاری رہیں ۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً 11 بجے دکن نائیٹ ویئر اسپورٹس شاپ جو کمرشیل بلڈنگ میں واقع ہے میں اچانک آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں آگ نے اسپورٹس شاپ کو مکمل اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہاں پر ملبوسات ہونے کے نتیجہ میں آگ اچانک عمارت کی پانچویں منزل تک جاپہنچی ۔ حادثہ کے بعد وہاں پر افراتفری مچ گئی اور فوری رام گوپال پیٹ پولیس اور فائرانجنوں کو طلب کرلیا گیا ۔ آگ پر قابو پانے 12 گھنٹے طویل جدوجہد میں شہر کے مختلف فائر اسٹیشنوں سے وابستہ 22 فائر انجنوں کا استعمال کیا گیا ۔ آگ اتنی شدت کی پھیل چکی تھی کہ عمارت کے دو چھت منہدم ہوگئے اور پلر بھی بوسیدہ ہوگئے ۔ جی ایچ ایم سی کا خصوصی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ڈی آر ایف) عملہ بھی وہاں پہنچ گیا اور عمارت میں کثرت سے دھواں جمع ہوجانے کے نتیجہ میں محکمہ فائرانجن عملہ نے ایکزاسٹرس کا بھی استعمال کیا ۔ عمارت میں لگی آگ کا دھواں اطراف و اکناف کے عمارتوں میں بھی داخل ہونے لگا جس کے نتیجہ میں پولیس نے متاثرہ بلڈنگ میں موجود افراد کے علاوہ دیگر عمارتوں سے بھی افراد کا تخلیہ کروادیا ۔ عمارت میں بھاری مقدار میں ملبوسات موجود ہونے کے نتیجہ میں آگ نے فوری طور پر عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔ فائر انجن عملہ کو آگ پر قابو پانے کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا چونکہ ہوا مخالف سمت سے چلنے کے نتیجہ میں آگ مسلسل بھڑک رہی تھی ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر وزیر داخلہ جناب محمود علی اور تلنگانہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس اور فائر سرویسیس کے ڈائرکٹر جنرل وائی ناگی ریڈی بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ۔ اس مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں فائر انجن کے دو جوان بھی دھویں سے متاثر ہوگئے اور انہیں فوری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی وہاں پہنچ گئے اور رام گوپال پیٹ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شارٹ سرکٹ سے یہ حادثہ پیش آیا ہوگا اور ہر زاویہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ب