حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقے میں پانی کا بحران شدید ہوتا جارہا ہے اور اس بحران کو حل کرنے میں حکومت اور متعلقہ شعبہ جات موثر اقدامات کرنے میں ناکام ہیں لہذا خانگی تنظیموں نے اپنے طور پر اس کے مسئلہ کو حل کرنے اور حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کروانے کے لیے دستخطی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب سکندرآباد ویلفیر اسوسی ایشن ففتھ وارڈ کے صدر ستیش گپتا نے کہا ہے کہ اس علاقے کے عوام جو کہ جی ایچ ایم سی کے تحت نل کا بل ماہانہ 250 روپئے ادا کرتے ہیں انہیں 2 دن میں ایک مرتبہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ جب کہ کنٹونمنٹ علاقے کے تحت ماہانہ آبی بل 450 روپئے ادا کرنے ہیں انہیں 4 دن میں ایک مرتبہ پانی فراہم کیا جارہا ہے اور اس مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروانے کی کئی ایک کوششیں رائیگاں گئی ہیں لہذا اس مرتبہ ایک دستحطی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 39 دنوں سے یہ مہم چل رہی ہے اور آئندہ چند دنوں میں مہم کو ختم کرنے کے بعد ایک یادداشت چیف منسٹر کے سی آر کو دی جائے گی اور ان سے سوال کیا جائیگا کہ کیا ہم تلنگانہ کے شہری نہیں ہیں اور کیا صاف پانی کا حصول ہمارا حق نہیں ہے ؟ ۔۔
ایف ایم ایس ٹرسٹ کی خود روزگار اسکیم سے امداد
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : ایف ایم ایس ویلفیر ٹرسٹ ملک پیٹ کی جانب سے فلاحی و سماجی خدمات کے تحت غریب مستحق افراد کو روزگار سے مربوط کرنے کے سلسلہ میں مسجد محی الدین النساء ملک پیٹ کی ملگی میں کرانہ و اسٹیشنری شاپ کا 5 جولائی کو بعد نماز جمعہ مولانا سادات پیر بغدادی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا ۔ جنرل سکریٹری ٹرسٹ شیفا عصمت خاں نے بتایا کہ ٹرسٹ کے تحت غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لیے امداد کی تقسیم ، ٹھیلہ بنڈیوں کی تقسیم ، مشینوں کی تقسیم کے بعد اب کرانہ دکانیں کھولنے کی اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ محترمہ شیفا عصمت نے ڈونرس سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے بانی و صدر الحاج محمد حسن نواز خاں ، نائب صدر وحید الدین ، خازن محمد سلام مصطفی ، بورڈ اراکین قادر پاشاہ ، رشید ، عظیم کی خصوصی دلچسپی سے فلاحی خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔۔
