شادنگر 15 / جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست کی مشہور معروف بارگاہ روح دکن حضرت سیدنا جہانگیر پیراں رحمتہ اللہ علیہ واقع موضع نیمن نرواتور منڈل تعلقہ شادنگر ضلع رنگا ریڈی کے سہ روزہ عرس تقاریب کا تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی نگرانی میں 16 /جنوری بروز جمعرات بعد نماز عصر احاطہ درگاہ شریف نیاز خانہ میں صندل مبارک کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ صندل مبارک میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی۔ شادنگر ایم ایل اے ویرلہ پلی شنکر اور دیگر اہم قائدین شرکت کریں گے۔صندل مبارک کا آغاز کلام پاک سے عمل میں آئے گا۔ بعض ازاں قصیدہ بردہ شریف و محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ نیاز خانہ درگاہ شریف سے صندل مبارک جلوس کی شکل میں روانہ ہو کر قبل از مغرب درگاہ شریف پہنچے گا۔ ریاستی وقف بورڈ کی نگرانی میں مراسم صندل مالی کی رسم انجام دی جائے گی۔ بعد نماز مغرب تمام حاضرین درگاہ کے لیے طعام کا خاص و عام نظم رکھا گیا ہے۔ بعد نماز عشاء نعتیہ مشاعرہ و قوالی کا اہتمام ہوگا۔ 17 / جنوری بروز جمعہ بعد نماز مغرب محفل چراغ کے بعد جماعت یوسفیہ شادنگر کی جانب سے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا جائے گا۔ اور طعام کا خاص و عام نظم رہے گا۔ بعد نماز عشاء عظیم الشان جلسہ فیضان اولیاءؒ ‘ بعد جلسہ قوالی ہوگی۔ 18 / جنوری بروز ہفتہ بعد نماز فجر ختم قران مجید و فاتحہ خوانی وہ تقسیم تبرکات کے ساتھ ہی سہ روزہ عرس تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا۔