سہ فریقی سیریز: فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا کو 97 رنوں سے ہرایا

   

اسمرتی مندھانا کی شاندار سنچری‘ پلیئر آف دی میاچ کا اعزاز

کولمبو:ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہ فریقی سیریز پر قبضہ کر لیا ہے۔ اتوار 11 مئی کو کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو 97 رنوں سے شکست دے دیا ہے۔ فائنل میں میزبان سری لنکا کو جیت کے لیے 343 رنوں کا ناممکن نشانہ ملا تھا، پوری ٹیم 48.2 اوورس میں 245 رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ واضح ہو کہ اس سہ فریقی سیریز میں ہندوستان اور سری لنکا کے علاوہ تیسری ٹیم جنوبی افریقہ تھی۔فائنل مقابلہ میں سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اٹاپٹو نے 66 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 51 رن بنائے تھے۔ گیند بازی میں ہندوستان کی جانب سے اسپنر اسنیہا رانا نے 4 وکٹ، امنجوت کور نے 3 وکٹ اور شری چرانی نے 1 وکٹ حاصل کیا جبکہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہو گئیں۔ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر پورے 50 اوورس میں 342 رنوں کا پہاڑ سا اسکور کھڑا کر دیا۔ سلامی بلے باز اور ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے 101 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے شاندار 116 رن اسکور کیے۔ انہوں نے ا پنی اننگز میں 15 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرنے والی اسمرتی مندھانا کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، جب کہ اسنیہا رانا کو سیریز میں شاندار کارکردگی کرنے کے لیے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔