نیویارک: امریکہ میں خفیہ ادارے سی آئی اے کے سابق ملازم کو ایجنسی کا ڈیٹا لیک کرنے پر 40 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔سی این این کے مطابق جمعرات کو نیویارک کے اٹارنی جنرل کے دفتر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملازم نے ملکی تاریخ میں سب سے بڑے پیمانے پر ڈیٹا لیک کیا تھا۔ جوشوا شولٹ پر 2016 میں ویکی لیکس کو ڈیٹا دینے کا الزام لگایا گیا تھا، ان پر 2022 میں قومی دفاع سے متعلق معلومات کو غیرقانونی طور پر جمع کرنے، آگے منتقل کرنے اور تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔اس کے بعد 2023 میں اٹارنی جنرل آفس سے یہ بھی بتایا گیا تھا کہ شولٹ چائلڈ پورنوگرافی کا مواد حاصل کرنے، پاس رکھنے اور آگے منتقل کرنے کا مجرم بھی قرار دیا گیا تھا۔جوشوا شولٹ نے سی آئی اے سنٹر کے شعبہ برائے سائبر انٹیلی جنس میں کام کیا۔
