حیدرآباد : /26 ڈسمبر (سیاست نیوز) ضلع ملوگو میں ایک واردات پیش آئی جس میں سی آر پی ایف سے وابستہ ایک کانسٹبل نے اپنے ساتھی سب انسپکٹر کو گولی مارکر ہلاک کردیا جبکہ خود بھی خودکشی کی کوشش کی جس میں وہ زخمی ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح کانسٹبل اسٹیفن نے اپنے آٹومیٹک رائفل سے بٹالین سب انسپکٹر اومیش چندرا پر اچانک گولی چلادی جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اس دوران اسٹیفن نے خود کو گولی مارکر خودکشی کی کوشش کی اور شدید زخمی ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کے بعد سی آر پی ایف کانسٹبل کو مہاتما گاندھی ہاسپٹل ورنگل منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ مذکورہ 2 سی آر پی ایف ملازمین کے درمیان ڈیوٹی روسٹر پر اختلافات چل رہے تھے اور سی آر پی ایف کے 39 ویں بٹالین کو ضلع مولوگو کے وینکٹاپورم پولیس اسٹیشن جو چھتیس گڑھ کا سرحدی علاقہ ہے میں تعینات کیا گیا تھا ۔ حالیہ دنوں ماؤسٹوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کے بعد سی آر پی ایف کو تلنگانہ کی سرحدوں پر تعینات کرکے چوکسی اختیار کی گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ سی آر پی ایف کانسٹبل اسٹیفن کا تعلق کنیاکماری سے ہے جبکہ سب انسپکٹر اومیش چندرا کا تعلق بہار سے تھا ۔ پولیس مولوگو نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ ب