سی اے اے ، این پی آر ، این آر سی کی مخالفت

   

مجلس بلدیہ عادل آباد میں بھی قرارداد کی منظوری کا تیقن
جمعیت العلماء کے زیر اہتمام تہنیتی تقریب سے صدر نشین بلدیہ جوگو ہرمیندر کا خطاب

عادل آباد۔/11 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گریٹر حیدرآباد مجلس بلدیہ کی تقلید کرتے ہوئے عادل آباد مجلس بلدیہ کے اجلاس میں CAA، NRC،NPR کے خلاف قرارداد منظور کرنے کا تیقن مجلس بلدیہ عادل آباد مسٹر جوگو ہرمیندر نے مستقر عادل آباد کے اردو گھر شادی خانہ پتلی باؤلی میں جمعیت العلماء کی جانب سے منعقدہ تہنیتی تقریب کے دوران دیا۔ جبکہ اس کا مطالبہ مقامی جمعیت العلماء اور حافظ ابوبکر نے اپنے خطاب کے دوران کیا تھا۔ اس موقع پر حافظ ابوبکر نے مقامی رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا کی خدمات کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ موصوف کی خصوصی دلچسپی کے باعث عادل آباد میں جمعیت العلماء دفتر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی تعمیر کیلئے خاطر خواہ رقم بھی فراہم کی گئی ۔ زیر تعمیر عمارت کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ قبل از مولانا اسلم ندوی، محمد ظہور الدین، سید ساجد خان و دیگر قائدین نے مخاطب ہوکر ریاستی حکومت کی کارکردگی پر بھرپور ستائش کی وہیں دوسری طرف سی اے اے، این آر سی، این پی آر کے خلاف مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ریاستی سطح پر بڑے پیمانہ پر احتجاج منظم کرنے اور ملک کی دیگر ریاستوں کے سربراہ جو سیکولر ذہنیت کے مالک ہیں انہیں مدعو کرنے کے اس اقدام کو تاریخی کارنامہ قرار دیا۔ مسٹر ظہیررمضانی نائب صدر نشین بلدیہ نے اپنے خطاب میں حکومت کی جانب سے جاری عوامی فلاح و بہبودکی تمام اسکیمات کو عوام تک پہنچانے اور بروقت عوام کی خدمات کے لئے تیار ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وظیفہ پیرانہ سالی، شادی مبارک اسکیم، اقلیتی طلباء و طالبات کیلئے انگلش میڈیم اقامتی مدارس کا قیام اور ائمہ و موذنین کو ہر ماہ اعزازیہ کو ملک کی سطح پر نمایاں اہمیت کا حامل قرار دیا۔ عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا کی قیادت میں عادل آباد کو تیز رفتار ترقی کی سمت گامزن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو اپنے مقررہ نشانہ کے اعتبار سے فصل اُگانے کی غرض سے پندرہ ہزار کروڑ روپیوں کے صرفہ ’ چناکا ‘ بیاچ کا کام جاری ہے وہیں دوسری طرف 250 کروڑ روپیوں کے صرفہ سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نالیوں کی تعمیر کا کام جاری ہیں۔ عادل آباد جمعیت العلماء کی جانب سے نومنتخب صدرنشین بلدیہ مسٹر جوگو ہرمیندر، نائب صدر مسٹر ظہیررمضانی کو تہنیت پیش کرنے کی خاطر مستقر عادل آباد کے اردو گھر شادی خانہ پتلی باؤلی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں نو منتخب صدور و نائب صدور کی بہ کثرت شال پوشی و گلپوشی کی گئی۔ اس تقریب میں مختلف مساجد سے تعلق رکھنے والے آئمہ، موذنین، علماء و حفاظ نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز حافظ منظور احمد کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض مفتی عثمان نے انجام دیئے۔