سی بی آئی افسر بن کر 11 لاکھ روپے لوٹنے والے باپ بیٹا گرفتار

   

نئی دہلی۔ دہلی پولیس نے دارالحکومت میں ایک شخص اور اس کے بیٹے کو مبینہ طور پر سی بی آئی افسران کی نقالی کرنے اور11 لاکھ روپے والے بیگ کو لوٹنے کے الزام میں گرفتارکیا ہے۔ ملزمان کی شناخت محمد انتظار (46 سالہ) اور اس کے 19 سالہ بیٹے محمد یوسف کے طور پر ہوئی ہے، دونوں شاہین باغ کے رہنے والے ہیں۔ پولیس کے مطابق منگل کو پولیس کی ایک ٹیم سرائے کالے خان فلائی اوورکے قریب گشت کر رہی تھی کہ اس نے ایک شخص کو چور چور کے نعرے لگاتے سنا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوب مشرقی) راجیش دیو نے کہا یہ محسوس کرتے ہوئے کہ کچھ گڑبڑ ہوئی ہے، گشت کرنے والی ٹیم موقع پر پہنچی جہاں انہوں نے دو افراد کو مشکوک انداز میں بھاگتے ہوئے دیکھا۔ ایک مختصر تعاقب کے بعد، دونوں کو پکڑ لیا گیا۔ راجیش دیو، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (جنوب مشرقی) نے کہا اس دوران متاثرہ، جو ملزم کا پیچھا کر رہا تھا، بھی موقع پر پہنچ گیا اور پولیس کو بتایا کہ اس کے آجر نے اسے پنجابی باغ میں واقع اس کی رہائش گاہ پر پہنچانے کے لیے ایک بیگ دیا تھا جس میں 11 لاکھ روپے نقد تھے۔